نور بخاری نے عون چوہدری سے دوبارہ شادی پر خاموشی توڑ دی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) سابقہ اداکارہ نور بخاری نے عون چوہدری سے طلاق کے بعد دوبارہ شادی کے فیصلے پر پہلی بار تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دوبارہ ایک ہونے کا فیصلہ اللہ کی مرضی تھی۔
ایک حالیہ انٹرویو میں نور بخاری نے بتایا کہ انہوں نے دوبارہ شادی کے بارے میں نہیں سوچا تھا، تاہم جب انہوں نے اپنی زندگی بدل کر اللہ کے راستے پر آنے کا فیصلہ کیا تو شاید اللہ نے ہی عون چوہدری کے دل میں یہ بات ڈالی۔
نور بخاری کے مطابق وہ دونوں دوبارہ شادی کے فیصلے سے خوش ہیں اور شاید ان کی محبت کبھی ختم ہی نہیں ہوئی تھی، اسی لیے دونوں دوبارہ ایک ہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ایک بار طلاق کے بعد دوبارہ شادی کرکے خوشی سے زندگی گزارنا کسی معجزے سے کم نہیں اور اللہ انہیں نظرِ بد سے محفوظ رکھے۔
سابقہ اداکارہ نے عون چوہدری کو بہترین انسان قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے بچے بھی عون سے بہت محبت کرتے ہیں۔ نور بخاری کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے والد جیسا انسان کہیں نہیں دیکھا، تاہم اب اللہ نے انہیں والد کے بعد ایک اچھے شوہر سے نوازا ہے۔



