گورنر سندھ نہال ہاشمی کی مرحوم لال بخش جتوئی کے اہلِ خانہ سے تعزیت، سجاول کے مسائل کے حل کی یقین دہانی

سجاول(جانوڈاٹ پی کے) گورنر سندھ نہال ہاشمی نے مسلم لیگ (ن) سجاول کے مرحوم ضلعی صدر لال بخش جتوئی کی وفات پر ان کے گاؤں پہنچ کر اہلِ خانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے آئینی اختیارات کا مکمل احترام کرتی ہے اور ان کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتی۔ انہوں نے کہا کہ اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل کرنے سے عوامی مسائل کے حل میں مزید بہتری آئے گی۔
نہال ہاشمی نے کہا کہ سجاول میں سمندری کٹاؤ کا مسئلہ متعلقہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے زیرِ غور ہے، جبکہ ضلع میں پانی کے بحران کے حل کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے جلد مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
انہوں نے تعلیم کے شعبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال ایک لاکھ طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے یورپ بھیجا گیا، مستحق اور قابل طلبہ کو اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ سندھ کی جامعات میں طلبہ کو لیپ ٹاپ بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔
گورنر سندھ نے مرحوم لال بخش جتوئی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف مسلم لیگ (ن) کے متحرک رہنما تھے بلکہ غریب اور نادار افراد کے مقدمات عدالتوں میں لڑ کر عوامی خدمت بھی انجام دیتے رہے، اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت کھیئل داس کوہستانی، رکن قومی اسمبلی عبدالرزاق شجراع، اراکین سندھ اسمبلی سعد شفیق اور بابر انور بھی گورنر سندھ کے ہمراہ موجود تھے۔



