نیتن یاہو کا کینسرکی تشخیص کے بعد کامیاب علاج

تل ابیب(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ابتدائی مرحلے کے پروسٹیٹ کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم ان کا علاج مکمل ہو چکا ہے اور وہ بالکل صحت مند ہیں۔

دسمبر 2024 میں اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے آگاہ کیا تھا کہ نیتن یاہو کا پروسٹیٹ بڑھنے کے باعث آپریشن ہوا تھا۔

تاہم اب نیتن یاہو نے تصدیق کی ہے کہ بعد کی رپورٹس میں ایک کینسر زدہ ٹیومر سامنے آیا تھا جو ایک سینٹی میٹر سے بھی کم تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا کہ  شکر ہے، میں صحت مند ہوں۔ مجھے  پروسٹیٹ سے متعلق ایک معمولی طبی مسئلہ تھا جس کا مکمل علاج ہو چکا ہے۔ یہ معاملہ اب ماضی کا حصہ ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ بیماری کئی ماہ قبل تشخیص ہو گئی تھی، تاہم نیتن یاہو نے تقریباً 10 ہفتے قبل ریڈی ایشن علاج شروع کیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اپنی سالانہ میڈیکل رپورٹ کے اعلان میں 2 ماہ کی تاخیر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قدم ایران کے ساتھ کشیدگی کے تناظر میں اسرائیل کے خلاف جھوٹی پروپیگنڈا مہم سے بچنے کے لیے اٹھایا گیا۔

اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے جاری ڈاکٹروں کے خطوط میں بتایا گیا ہے کہ کینسر بہت چھوٹا تھا اور جسم کے کسی اور حصے میں پھیلاؤ نہیں تھا۔

اسرائیلی حکومت کی طبی ٹیم نے تصدیق کی ہے کہ نیتن یاہو اب مکمل طور پر کینسر فری ہیں  اور کینسر کا نشان بالکل ختم ہو چکا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ کامیاب آپریشن کے بعد نیتن یاہو کو صحتیابی کا سرٹیفکیٹ دے دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button