پاکستان کا نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے بڑا امدادی اقدام، 100 ٹن سامان چارٹرڈ طیارے کے ذریعے کھٹمنڈو روانہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے): پاکستان نے مشکل کی گھڑی میں نیپال کے سیلاب متاثرین کے لیے بڑا امدادی اقدام کرتے ہوئے 100 ٹن امدادی سامان چارٹرڈ طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے کھٹمنڈو روانہ کردیا۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نیپال کے لیے امدادی سامان روانہ کرنے کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب میں نیپال کے سفیر سمیت این ڈی ایم اے، وزارت خارجہ اور مختلف فلاحی اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
پاکستان کی جانب سے نیپال بھیجے جانے والے 100 ٹن امدادی سامان میں سیلاب متاثرین کی فوری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیمے، کمبل، میٹس، حفظانِ صحت کی کٹس اور ادویات شامل ہیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں نیپال اور اس کے سیلاب متاثرہ عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفت سے متاثرہ نیپالی عوام کی مدد پاکستان کی جانب سے برادرانہ یکجہتی کا اظہار ہے۔
امدادی سامان کی روانگی کو پاکستان اور نیپال کے درمیان انسانی ہمدردی اور باہمی تعاون کے جذبے کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔



