این ڈی ایم اے کا سیلابی الرٹ، چناب میں درمیانے درجے کا سیلاب، متعدد اضلاع کو خطرہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر کے دریاؤں، ندی نالوں اور برساتی گزرگاہوں کی تازہ صورتحال جاری کرتے ہوئے متعدد علاقوں میں سیلاب کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ پلکھو نالہ وزیرآباد میں بھی درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ اس کے علاوہ دریائے سندھ میں کالاباغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب جاری ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے چناب کے مرالہ اور تریموں، دریائے راوی کے بلوکی اور سدھنائی جبکہ دریائے کابل کے نوشہرہ کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ نالہ ایک اور پلکھو نالہ کینٹ پل پر بھی کم درجے کی سیلابی صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پل پر پانی کے بہاؤ میں مزید اضافے کا امکان ہے، جبکہ تریموں بیراج پر پانی کی سطح بڑھ کر درمیانے درجے کے سیلاب تک پہنچ سکتی ہے۔
ادارے کے مطابق گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، جھنگ، ملتان، حافظ آباد اور لاہور کے شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے برساتی ندی نالوں، شمالی بلوچستان اور آئندہ دو روز کے دوران ڈی جی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں بھی اچانک سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کریں، جبکہ متعلقہ ادارے حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور بند شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنائیں۔
ادارے نے مزید کہا کہ مون سون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، ملبے کے ریلوں اور اچانک سیلاب کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے سفر سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔ شدید بارش یا وارننگ کی صورت میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریا کناروں، خطرناک ڈھلوانوں اور پتھر گرنے کے خدشے والے مقامات پر ہرگز نہ رکیں۔
این ڈی ایم اے نے یہ بھی ہدایت کی کہ سیلابی پانی یا تیز بہاؤ کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور کرنے کی کوشش نہ کی جائے، کیونکہ کم گہرا دکھائی دینے والا پانی بھی جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ شہری سفر کے دوران پینے کا پانی، خشک خوراک، ٹارچ، ابتدائی طبی امداد کا سامان، پاور بینک اور ہنگامی رابطہ نمبرز اپنے ساتھ رکھیں اور انتظامیہ کی جانب سے بند کی گئی سڑکوں پر سفر سے مکمل اجتناب کریں۔
این ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بروقت معلومات کے لیے "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” ایپ استعمال کریں، جبکہ تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔



