مستقبل کی جنگیں نئی سوچ اور جدید ٹیکنالوجی کی متقاضی ہیں، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے کہا ہے کہ مستقبل کی جنگوں کے تقاضے روایتی جنگی حکمت عملیوں پر نظرثانی اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ، فکری طور پر مضبوط افرادی قوت کی تیاری کے متقاضی ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے 55ویں پاکستان نیوی  سٹاف کورس کے شرکا سے خطاب کیا۔

نیول چیف نے اپنے خطاب میں جدید جنگی ماحول کی بدلتی ہوئی نوعیت اور سمندری سلامتی کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ روایتی اور غیر روایتی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے حکمت عملیوں کو نئے تقاضوں کے مطابق ڈھالنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جدیدیت، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے فروغ اور تینوں مسلح افواج کے درمیان مشترکہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کورس کے شرکا پر زور دیا کہ وہ اپنی اسٹریٹجک بصیرت اور آپریشنل صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں تاکہ مستقبل کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔

سمندری سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ بحرِ ہند کا خطہ تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی و سیاسی صورتحال اور بڑی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی رقابت کے باعث ایک حساس اور مسابقتی خطہ بن چکا ہے، جس کے اثرات علاقائی سلامتی کے ماحول پر مرتب ہو رہے ہیں۔

اپنے اختتامی کلمات میں ایڈمرل نوید اشرف نے 55 ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکا کو کورس کی کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور انہیں پیشہ ورانہ مہارت، تجزیاتی صلاحیتوں اور جدت پسندی کو اپنی آئندہ ذمہ داریوں کا محور بنانے کی تلقین کی۔

مزید خبریں

Back to top button