نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید بائیو مکینکس لیب اور عالمی معیار کی سہولیات قائم کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں جدید ترین بائیو مکینکس لیب کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جبکہ اکیڈمی کی موجودہ عمارت کی تعمیر و مرمت اور اپ گریڈیشن کا کام بھی جلد شروع کیا جائے گا۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں موجود عمارت 2006 سے قائم ہے، جسے اب جدید تقاضوں کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت جدید ترین بائیو مکینکس لیب قائم کی جائے گی، جس کے لیے نئے ہائی اسپیڈ کیمرے اور جدید سافٹ ویئر منگوائے جا چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لیب میں عالمی معیار کا جدید آلاتی نظام نصب کیا جائے گا تاکہ کھلاڑیوں کی تکنیکی کارکردگی کا زیادہ مؤثر انداز میں تجزیہ کیا جا سکے۔

عاقب جاوید کے مطابق عمارت کی بالائی منزل پر جدید جم تعمیر کیا جائے گا، جبکہ کھلاڑیوں کی بحالی (ریکوری) کے لیے احاطے میں سوئمنگ پول بھی بنایا جائے گا، تاکہ قومی کرکٹرز کو بہترین تربیتی اور فٹنس سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ منصوبہ آئندہ 5 سے 6 ماہ میں مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد بائیو مکینکس لیب باقاعدہ طور پر کام شروع کر دے گی۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس کا کہنا تھا کہ اکیڈمی میں موجود پرانے کیمرے اور دیگر آلات اپنی مدت پوری کر چکے ہیں، اس لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس سامان خریدا گیا ہے۔ نئی سہولت کے بعد صرف انڈور ہی نہیں بلکہ آؤٹ ڈور ماحول میں بھی بولرز کے ایکشن، بیٹرز کی تکنیک اور فیلڈرز کی کارکردگی کا سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کیا جا سکے گا، جس سے قومی کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں

Back to top button