’’یہ انتخابات بھی پنجاب جیسے ہوئے‘‘،ندیم افضل چن نے آزاد کشمیر کے نتائج پر سوال اٹھا دیے

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے نتائج پر سیاسی کشیدگی مزید بڑھ گئی، پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے مسلم لیگ ن کی قیادت کے بیانات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انتخابات کے عمل اور نتائج سے متعلق کئی سوالات اٹھا دیے۔
اپنے ویڈیو بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں امن و امان کی صورتحال سب کے سامنے ہے اور ایک دن مکمل طور پر انتخابات نہیں ہوسکے۔ ان کے مطابق انتخابات کے دوران ایک جماعت کی جانب سے بائیکاٹ کو بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
پیپلزپارٹی کے سیکرٹری اطلاعات نے آزاد کشمیر کے انتخابات کا موازنہ پنجاب کے انتخابات سے کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ انتخابات بالکل ویسے ہوئے جیسے پنجاب میں ہوئے تھے۔‘‘
ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام سے پوچھا جائے تو وہ بھی انتخابی عمل سے متعلق سوالات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر انتخابات شفاف اور منصفانہ ہوں تو پیپلزپارٹی نتائج کو ضرور تسلیم کرے گی، کیونکہ پارٹی ماضی میں بھی ایسے نتائج قبول کرتی رہی ہے۔
’’ن لیگ بناتی کم، بیچتی زیادہ ہے‘‘
پیپلزپارٹی کی اپنی سیاسی حکمت عملی اور میڈیا پالیسی پر بات کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے اعتراف کیا کہ پیپلزپارٹی کی میڈیا پالیسی مسلم لیگ ن کی طرح مؤثر نہیں اور اسے پارٹی کی غلطی قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’ہم جو بناتے ہیں اسے بیچ نہیں پاتے، ن لیگ جو بناتی ہے اسے ڈبل قیمت پر بیچتی ہے۔‘‘
ندیم افضل چن نے پنجاب اور سندھ کی ترقیاتی کارکردگی کا تقابلی سوال بھی اٹھاتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کا کوئی ایسا منصوبہ دکھایا جائے جو سندھ کے منصوبوں کا مقابلہ کرتا ہو۔
ان کے بیان کے بعد پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان سیاسی بیانیے، انتخابی نتائج اور ترقیاتی منصوبوں پر جاری لفظی جنگ مزید شدت اختیار کرگئی ہے۔



