بھائی پر طنزیہ جملہ، نند نے مبینہ طور پر بھابھی کو قتل کردیا، لاش پانی کی ٹنکی سے برآمد

اندور(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں رکشا بندھن کے موقع پر نند نے مبینہ طور پر بھائی کے بارے میں طنزیہ جملہ کہنے پر اپنی بھابھی کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ملزمہ پاروتی بائی کشواہا نے مبینہ طور پر واردات چھپانے کے لیے بھابھی وندنا کی لاش گھر سے باہر موجود پانی کی ٹنکی میں پھینک دی۔

پولیس کے مطابق وندنا نے 11 اگست کو خاندان کی مخالفت کے باوجود اپیندر سے مندر میں شادی کی تھی، جس کے بعد خاندانی اختلافات کے باعث دونوں الگ کرائے کے مکان میں رہنے لگے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پاروتی کا غیر شادی شدہ بھائی زیادتی کے مقدمے میں جیل میں قید ہے۔ رکشا بندھن کے روز وندنا نے مبینہ طور پر پاروتی کے بھائی کے بارے میں طنزیہ تبصرہ کیا، جس پر دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔

بات بڑھنے پر پاروتی نے مبینہ طور پر غصے میں آکر وندنا کی گردن پر چاقو کے دو وار کیے، جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئی۔ ملزمہ نے لاش گھسیٹ کر گھر سے باہر نکالی اور پانی کی ٹنکی میں پھینک دی۔

واردات کے وقت پاروتی کے بچے اسکول میں تھے جبکہ اس کا شوہر اسپتال میں زیرِ علاج تھا۔ واردات کے بعد ملزمہ اپنے شوہر سے ملنے اسپتال چلی گئی۔

وندنا کے لاپتہ ہونے پر اہلِ خانہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ کا جائزہ لیا، جس کے بعد تفتیش کا رخ پاروتی کی جانب ہوگیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ پاروتی نے ابتدائی طور پر تفتیش کاروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، تاہم مسلسل پوچھ گچھ کے دوران مبینہ طور پر اعترافِ جرم کرلیا۔ پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button