لاہور:اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے پی ٹی آئی رہنما چوہدری عبداللہ طاہر فائرنگ سے جاں بحق

لاہور/اوکاڑہ(وحید آرائیں/جانوڈاٹ پی کے) لاہور کے علاقے غالب مارکیٹ تھانے کی حدود میں دن دہاڑے فائرنگ کے واقعے میں اوکاڑہ سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما چوہدری عبداللہ طاہر جاں بحق ہوگئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے چوہدری عبداللہ طاہر پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

اطلاع ملتے ہی غالب مارکیٹ پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں۔ پولیس نے لاش کو قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقتول چوہدری عبداللہ طاہر کا تعلق ضلع اوکاڑہ سے تھا اور وہ پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں میں شمار کیے جاتے تھے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات اور حملہ آوروں کی شناخت کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔ مزید تفصیلات سامنے آنے پر خبر کو اپ ڈیٹ کیا جائے گا.

مزید خبریں

Back to top button