وزیراعلیٰ سندھ کا امریکا-ایران امن معاہدے کا خیرمقدم، مذاکرات کو دیرپا امن کا واحد راستہ قرار دے دیا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے اور دنیا کے لیے ایک مثبت اور تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدہ خوش آئند پیش رفت ہے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے یہ ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ہی دیرپا امن کا واحد راستہ ہیں اور تنازعات کا حل جنگ نہیں بلکہ بات چیت اور سفارتکاری میں پوشیدہ ہے۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ امن، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی سفارتکاری ہی عالمی چیلنجز کا مؤثر حل ہے، جبکہ مذاکرات کی کامیابی پوری دنیا کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔
انہوں نے امن معاہدے میں کردار ادا کرنے والی تمام عالمی قیادتوں اور سفارتی ٹیموں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات، مفاہمت اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کی ہے اور یہ معاہدہ اسی سوچ کی کامیابی کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم شہباز شریف ، صدر مملکت آصف علی زرداری اور فیلڈ مارشل سید عاصممنیر شاہ کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کے لیے اہم کوششیں کیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہر مثبت قدم قابلِ ستائش ہے اور یہ معاہدہ بین الاقوامی امن، علاقائی استحکام اور سفارتی کامیابی کی ایک اہم مثال بن کر سامنے آیا ہے۔



