ایم ٹی آنر 25 کے مزید 3 پاکستانی کریو ارکان آج وطن واپس پہنچیں گے، اسحاق ڈار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایم ٹی آنر 25 کے مزید تین پاکستانی کریو ارکان کی وطن واپسی کا اعلان کردیا ہے۔ ان کے مطابق عمران علی، حسین یوسف اور محمد یاسین آج ادیس ابابا سے کراچی پہنچیں گے، جہاں وہ اپنے اہلخانہ سے دوبارہ ملاقات کریں گے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستانی سفیر نے تینوں کریو ارکان سے ملاقات کرکے انہیں ضروری سہولیات فراہم کیں، جبکہ حکومت کی جانب سے ایم ٹی آنر 25 پر موجود تمام پاکستانی کریو ارکان کی بحفاظت وطن واپسی کے لیے بھرپور کوششیں کی گئیں۔

نائب وزیراعظم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی کریو ارکان کی محفوظ واپسی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے گئے۔ انہوں نے اس عمل میں معاونت کرنے والے تمام افراد اور اداروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اسحاق ڈار نے ایم ٹی آنر 25 کے حادثے میں تین پاکستانی کریو ارکان کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرحومین کے لیے دعائے مغفرت اور ان کے اہلخانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان سمندری راستوں اور بحری کارکنوں کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے عالمی سطح پر تعاون جاری رکھنے کے عزم پر قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بحری قزاقی کے خلاف عالمی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو بھی جاری رکھے گا۔

حکومت کی جانب سے پاکستانی کریو ارکان کی مرحلہ وار وطن واپسی کے لیے سفارتی اور دیگر متعلقہ ذرائع سے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button