موٹرویز پر فائر ایکسٹنگوئشر لازمی، 24 جون کے بعد خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) موٹروے پولیس نے قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر سفر کو مزید محفوظ بنانے کے لیے مسافر اور مال بردار گاڑیوں میں آگ بجھانے والے آلات (فائر ایکسٹنگوئشر) رکھنا لازمی قرار دے دیا ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق سڑک حادثات کے دوران آگ لگنے کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر یہ اقدام اٹھایا گیا ہے تاکہ انسانی جانوں اور املاک کا بہتر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

موٹروے پولیس نے ملک گیر فائر سیفٹی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے جو 24 جون تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران ڈرائیوروں، ٹرانسپورٹرز اور گاڑی مالکان کو فائر ایکسٹنگوئشر کی اہمیت، درست استعمال اور اس کی فعالیت کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق تمام ڈرائیور حضرات سفر سے قبل اپنے فائر ایکسٹنگوئشر کی معیاد اور کارکردگی ضرور چیک کریں کیونکہ غیر فعال یا زائد المعیاد آلات قابل قبول نہیں ہوں گے۔

موٹروے پولیس نے واضح کیا ہے کہ 24 جون کے بعد فائر ایکسٹنگوئشر کے بغیر چلنے والی مسافر اور مال بردار گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ ایسی گاڑیوں کو موٹرویز میں داخلے کی اجازت بھی نہیں دی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سڑکوں پر ہنگامی حالات میں فوری ردعمل کو ممکن بنانا اور قیمتی جانوں کے نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button