لاہور سمیت پنجاب میں مون سون کا راج، بارشوں کا سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب میں شدید گرمی کے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری، لاہور سمیت صوبے بھر میں مون سون بارشوں کا سسٹم بدستور فعال ہے، جس کے باعث موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ رات سے کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کے ساتھ تیز ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بھی لاہور میں مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کل بھی لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش متوقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئے گی، تاہم حبس برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 26 جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 13 جولائی تک جاری رہ سکتا ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔

ایم ڈی واسا کی ہدایت پر لاہور شہر میں نکاسی آب کے لیے آپریشنل عملہ متحرک ہے، جبکہ متعلقہ اداروں کو بارش کے دوران صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button