وفاقی آئینی عدالت نے مونال ریسٹورنٹ کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی آئینی عدالت نے پیر سوہاوہ مونال ریسٹورنٹ گرانے سے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سی ڈی اے اور میٹرو پولیٹن سٹی کی اپیلیں منظور کر لیں۔
عدالت نے حکم امتناعی بھی ختم کر دیا جبکہ ٹرائل کورٹس کو ہدایت کی کہ ملکیت سے متعلق مقدمات کا فیصلہ جلد از جلد کیا جائے۔
وفاقی آئینی عدالت نے قرار دیا کہ ملکیت کا فیصلہ ٹرائل کورٹس عدالتی مشاہدات سے متاثر ہوئے بغیر کریں گی، جبکہ انتظامی معاملات کا تعین متعلقہ ریگولیٹری ادارے کریں گے۔
سماعت کے دوران جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں کئی اہم نکات کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت جذباتی فیصلہ نہیں کرے گی بلکہ قانون کے مطابق معاملے کا جائزہ لے گی۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے مزید کہا کہ فیصلہ پڑھنے سے اندازہ ہوا کہ عدالتی کارروائی سے باہر کے معاملات بھی شامل کیے گئے، عدالت میں وہی حکم دیا جائے گا جو سماعت کے دوران سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر ہو۔
وکیل احسن بھون نے عدالت کی جانب سے کیس کو تفصیل سے پڑھنے کی تعریف کی، جس پر جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کہ عدالت میں تعریفیں نہیں بلکہ عدالتی کارروائی کے مطابق فیصلہ دیا جائے گا۔



