ایران کا امریکا پر جوابی وار، اردن میں امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں کی بارش

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی میڈیا کے مطابق ایران نے امریکی فورسز کی جانب سے پانچ ایرانی خام تیل بردار بحری جہازوں کو تباہ کیے جانے کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اصفہان، تہران، تبریز اور خرم آباد سے درجنوں میزائل داغے گئے، جبکہ اردن میں امریکی فوجی اڈے پر 20 سے زائد میزائل فائر کیے گئے اور متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
تاہم اردن کی فوج کا کہنا ہے کہ ایرانی حملے میں داغے گئے 20 بیلسٹک میزائلوں میں سے 18 کو فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا جبکہ دو میزائل غیر آباد علاقوں میں گرے، اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) نے اعلان کیا تھا کہ امریکی فورسز نے پانچ ایرانی خام تیل بردار جہاز تباہ کیے۔ امریکا کے مطابق یہ کارروائی ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے گزشتہ دو روز کے دوران امریکی بحری جنگی جہاز کو دو مرتبہ بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کے جواب میں کی گئی۔
ایران نے امریکی بحری جنگی جہازوں کے علاوہ کویت اور بحرین کی بندرگاہوں پر موجود آئل ٹینکروں کو بھی دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ جہاں امریکی اہلکار موجود ہیں وہاں سے ٹینکروں کے عملے کا انخلا کیا جائے۔
خطے میں تازہ کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت بھی تقریباً 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے۔



