نئے صوبے نہیں، نئے انتظامی یونٹس کی بات ہو رہی ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں چھوٹے صوبوں کی نہیں بلکہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی بات ہو رہی ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پنجاب میں نئے صوبے بنائے جانے پر لوگوں کو اعتراض نہیں، تاہم اپنے صوبے میں نئے صوبے بننے کی بات پر اعتراض کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) نے ابھی کوئی باقاعدہ اجلاس کرکے متفقہ رائے قائم نہیں کی، پارٹی رہنماؤں کی جانب سے فی الحال انفرادی آرا سامنے آ رہی ہیں۔

وزیر دفاع نے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے اس معاملے پر کام کر رہے ہیں کہ 18ویں ترمیم کے تحت اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنے کے عمل کو مضبوط بنایا جائے اور اختیارات ضلعی حکومتوں کو منتقل کیے جائیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب پر حملہ پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔

اسلام آباد کی حیثیت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو وفاقی علاقہ بنایا جا سکتا ہے، کیونکہ کئی ممالک میں وفاقی علاقے موجود ہیں، جبکہ واشنگٹن بھی وفاقی علاقے کی مثال ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کو براہِ راست وفاق کے زیر انتظام وفاقی علاقہ رکھا جا سکتا ہے، جبکہ مزید ایک یا دو وفاقی علاقے بھی بنائے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button