ناصر مدنی کا بغیر ثبوت الزام لگانے پر مومنہ اقبال کا سخت الفاظ میں ردعمل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال نے اپنے بارے میں اسلامی اسکالر ناصر مدنی کی جانب سے استعمال کیے گئے سخت الفاظ کا دو ٹوک جواب دے دیا۔
مومنہ اقبال نے ناصر مدنی کے سخت الفاظ کے جواب میں اپنی انسٹا اسٹوری پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے انسٹا اسٹوری میں لکھا ہے کہ ناصر مدنی صاحب! آپ نے منبر پر بیٹھ کر مجھ پر لگائی گئی تہمت کو ہوا دی ہے۔
اداکارہ نے لکھا ہے کہ میں دنیا اور آخرت، دونوں عدالتوں میں مقدمہ جیت جاؤں گی، لیکن آپ اللّٰہ کی عدالت میں یہ مقدمہ ہار جائیں گے، کیونکہ ان الزامات میں کتنی سچائی ہے، یہ میں جانتی ہوں اور میرا رب جانتا ہے۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ میں آپ کو بتا دینا چاہتی ہوں کہ میں آپ کو معاف نہیں کروں گی۔
مومنہ اقبال نے لکھا ہے کہ شاید آپ کو خوفِ خدا نہیں، لیکن یاد رکھیں کہ اسلام میں بغیر ثبوت کے کسی پر الزام لگانا اور اس کی عزت و وقار کو نقصان پہنچانا بہت بڑا گنا ہے۔
اُنہوں نے اپنی اسٹوری میں سورۃ النور کی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ اللّٰہ کے ہاں ہر بات کا حساب ہونا ہے اور انصاف ضرور ہو گا۔



