مومنہ اقبال کا ثاقب چدھڑ کے الزامات پر کرارا جواب، ’’ثبوت عوام کے سامنے لائیں‘‘

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) اداکارہ مومنہ اقبال نے (ن) لیگی ایم پی اے ثاقب چدھڑ کی جانب سے اپنے اور اپنی بہن کے بارے میں کیے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دے دیا، جبکہ مومنہ کے شوہر حمزہ حبیب نے بھی ثاقب چدھڑ پر سنگین الزام عائد کردیا۔

ثاقب چدھڑ کا انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مومنہ اقبال نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا ردعمل دیا۔ اداکارہ نے ثاقب چدھڑ کا انٹرویو کرنے والی میزبان کے ولیمے کی ویڈیو بھی شیئر کی اور انٹرویو کے انداز پر سوالات اٹھائے۔

مومنہ اقبال نے الزام عائد کیا کہ پوڈکاسٹ ان کی میزبان کی دوست کے ساتھ کیا گیا اور مبینہ طور پر جعلی ثبوت بھی اسی شخص کو دکھائے گئے، حتیٰ کہ ان ثبوتوں کی تصدیق بھی اسی سے کروائی گئی۔

اداکارہ نے ثاقب چدھڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ سب کچھ عوامی سطح پر کیا جارہا ہے تو ثبوت بھی عوام کو کیمرے کے سامنے دکھائے جانے چاہئیں، تاکہ عوام خود فیصلہ کرسکے کہ دعوے درست ہیں یا غلط۔

مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ انہیں این سی سی آئی اے کی جانب سے پابند کیا گیا ہے، ورنہ وہ بھی مبینہ طور پر ثاقب چدھڑ کے وائس نوٹس اور ان کی اہلیہ کی جانب سے موصول ہونے والی ریکارڈڈ فون کالز منظرعام پر لے آتیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ ایک مختصر وائس نوٹ بھی ان کے مطابق ثاقب چدھڑ کے دعوؤں کا جواب دینے کے لیے کافی تھا۔ مومنہ نے کہا کہ وہ مخالف فریق کی جانب سے کیے جانے والے دعوؤں کے باوجود اللہ پر بھروسا رکھتی ہیں۔

حمزہ حبیب کا بھی سنگین الزام

دوسری جانب مومنہ اقبال کے شوہر حمزہ حبیب نے انسٹاگرام اسٹوری میں ثاقب چدھڑ پر سنگین الزام عائد کیا۔حمزہ حبیب نے دعویٰ کیا کہ لوگوں کو اپنے حق میں کرنے کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد مبینہ طور پر انہیں جان سے مارنے کے لیے شوٹرز کا انتظام کیا جارہا ہے۔

مومنہ اقبال اور ان کے شوہر کی جانب سے سامنے آنے والے ان بیانات کے بعد معاملہ مزید سنگین ہوگیا ہے، تاہم فریقین کی جانب سے سامنے آنے والے الزامات کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔

ثاقب چدھڑ کے انٹرویو اور مومنہ اقبال کے جوابی بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس معاملے پر بحث شدت اختیار کرگئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button