اپوزیشن کا بڑا سیاسی دھماکا! مولانا فضل الرحمان اور محمود اچکزئی کا متحدہ اپوزیشن بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) — ملکی سیاست میں ایک بار پھر بڑی ہلچل مچ گئی، مولانا فضل الرحمان، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر راجا ناصر عباس نے اہم ملاقات میں متحدہ اپوزیشن تشکیل دینے پر اتفاق کرلیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور، اپوزیشن جماعتوں کے باہمی تعاون اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ تینوں رہنماؤں نے اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی صحت کے معاملے پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اپوزیشن رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں بانی پی ٹی آئی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے علاج کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔

رہنماؤں نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کی صحت کے معاملے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے اور انسانی بنیادوں پر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

ملاقات کے دوران قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن کے ساتھ حکومتی رویے اور طرزِ عمل پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اپوزیشن رہنماؤں نے کہا کہ جمہوری نظام میں اپوزیشن کی آواز کو سنا جاتا ہے، اسے دبایا نہیں جاتا۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ پہلی نشست تھی اور مزید مشاورت بھی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان رابطوں کو آگے بڑھایا جائے گا جبکہ آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد پر بھی بات ہونی چاہیے۔

سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کو اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ اگر مختلف اپوزیشن جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوگئیں تو آنے والے دنوں میں پارلیمان کے اندر اور باہر حکومت کو ایک منظم سیاسی چیلنج کا سامنا ہوسکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button