ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک اور ویڈیو جاری

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی میڈیا نے ایرانی رہبرِ اعلیٰ مجتبیٰ خامنہ ای کی ایک پرانی ویڈیو جاری کردی، جس میں وہ ایک علمی نشست کی صدارت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق ویڈیو میں عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ ان کی آواز بھی عوامی سطح پر سنائی دی۔ ویڈیو میں مجتبیٰ خامنہ ای ایک طالب علم کے ’اسلامی سیکیورٹی ماڈل‘ سے متعلق تحقیقی مقالے کا جائزہ لیتے ہوئے اسے بے عیب قرار دیتے نظر آتے ہیں۔
یہ ویڈیو ان قیاس آرائیوں کے درمیان سامنے آئی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا سبب بننے والے فوجی حملوں کے بعد مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہوئے اور ان کی حالت تشویشناک ہے۔
ایرانی سرکاری میڈیا نے اس ویڈیو کے ذریعے ان کی صحت سے متعلق افواہوں کی تردید کی کوشش کی ہے، تاہم ویڈیو کی تاریخ واضح نہ ہونے کے باعث مجتبیٰ خامنہ ای کی موجودہ صحت کی صورتحال کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔
دوسری جانب ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے بھی مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت سے متعلق منفی رپورٹس مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ’’بالکل صحت مند‘‘ ہیں۔



