شرجیل میمن اور محسن نقوی کی ملاقات، وفاق اور سندھ میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں وفاق اور سندھ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ملکی امن و امان، بین الصوبائی تعاون، منشیات کے خاتمے اور عوامی خدمات کی بہتری سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کراچی سمیت سندھ کے بڑے شہروں میں منشیات کی روک تھام اور امن و امان کی مجموعی صورتحال بھی زیر غور آئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سندھ حکومت کو کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے سندھ پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس نے مشکل حالات میں قابلِ تعریف پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔
اس موقع پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت جرائم کے خاتمے اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق اور سندھ کے روابط کو مزید مضبوط بنا کر عوامی مسائل کے حل اور بہتر طرزِ حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔



