وزارت داخلہ کے تمام اداروں کو جدید اور عوام دوست بنانا ہدف ہے، محسن نقوی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کو جدید خطوط پر مکمل طور پر تبدیل کرنا حکومت کا ہدف ہے، ہر ادارے کو مثالی اور عوام دوست بنانا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے سربراہان کا اہم اجلاس ہوا، جس میں اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے، باہمی رابطے مضبوط کرنے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات نافذ کرنے کے پلان پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے تمام اداروں کو باہمی رابطے، تعاون اور کوآرڈینیشن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کا کام دیگر وزارتوں سے مختلف اور غیر معمولی نوعیت کا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لینڈ پورٹ اتھارٹی سمیت نئے قائم شدہ اداروں کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی اور تمام اداروں کو درکار وسائل مہیا کیے جائیں گے۔ تمام اداروں کو مل کر ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کرنا ہوگی۔
وفاقی وزیر نے اداروں کے سربراہان کو ڈیٹا سکیورٹی اور سائبر سکیورٹی کے حوالے سے مؤثر اور جامع اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی جبکہ ہر ادارے سے آئندہ دو سال کا جامع ٹرانسفارمیشن پلان بھی طلب کر لیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو بہترین سہولتیں اور معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے تمام اداروں کو اپنے مقررہ اہداف کا حصول یقینی بنانا ہوگا۔ اداروں کو خودمختار اور بااختیار ہونا چاہیے اور انہیں اپنے معاملات میں فیصلے خود کرنے چاہئیں، ہر معاملہ وزارت کو بھیجنے کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں ضرورت ہو وہاں قوانین میں ضروری ترامیم اور اصلاحات سے متعلق تجاویز فوری طور پر پیش کی جائیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ اور رواں سال حج آپریشن کے دوران منشیات اسمگلنگ کا ایک بھی کیس رپورٹ نہ ہونا اداروں کی کارکردگی میں بہتری کا واضح ثبوت ہے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ وفاقی اداروں میں کام نہ کرنے کا کلچر موجود تھا، تاہم حکومت نے اس سوچ کو تبدیل کیا ہے۔ تمام اداروں کو ٹارگٹ بیسڈ، نتیجہ خیز اور کارکردگی پر مرکوز انداز میں کام کرنا ہوگا۔
اجلاس میں وزارت داخلہ کے ذیلی اداروں کے سربراہان نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی کی قیادت میں وزارت داخلہ کے اداروں میں بنیادی اور مثبت تبدیلیاں آئی ہیں۔



