محسن نقوی کا کشمیری شہداء اور حریت قیادت کو خراجِ عقیدت، حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یومِ الحاقِ پاکستان کے موقع پر آزادی کی جدوجہد میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیری شہداء اور حریت رہنماؤں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں محسن نقوی نے کہا کہ 19 جولائی 1947 کی تاریخی قرارداد کشمیری عوام کی اجتماعی امنگوں کی حقیقی عکاس اور تحریکِ آزادی کشمیر کا ایک اہم سنگِ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد کشمیری عوام کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے غیرمتزلزل عزم کی مظہر تھی اور کشمیری قیادت نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنے مستقبل کو پاکستان سے وابستہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ان کے مطابق پاکستان اور کشمیر کے تعلقات مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور جغرافیے پر استوار ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری عوام کے صبر، استقامت اور جرات کو سلام پیش کرتی ہے۔
محسن نقوی نے اس بات پر زور دیا کہ کشمیری عوام کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی اصولی، سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔



