بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، اہم سرغنہ سمیت 5 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) سکیورٹی فورسز کی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، پنجگور کے علاقے سرکینی، چھیدگی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران اہم سرغنہ سمیت 5 دہشت گرد ہلاک کر دیئے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی میں اہم سرغنہ وزیر ولد جمال سمیت 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز، بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد پنجگور میں مقامی تاجروں اور دیگر شہریوں سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا اور دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
علاقے میں فتنہ الہندوستان کے ممکنہ دیگر دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز بلوچستان سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت پنجگور میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
محسن نقوی نے اہم سرغنہ سمیت 5 خوارجیوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورسز نے کامیاب کارروائی کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیئے۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوان قوم کا سرمایۂ افتخار ہیں، قوم کے بہادر سپوت بلوچستان سے دہشت گردوں کا خاتمہ کر رہے ہیں۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔



