زیارت حملہ ناکام، 15 بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد ہلاک، محسن نقوی کا پولیس کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان کے ضلع زیارت میں بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 9 پولیس اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

اپنے بیان میں محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کا فخر اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، جن کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے پاکستان کے امن کو سبوتاژ نہیں کر سکتے اور قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔

محسن نقوی نے زیارت میں جوابی کارروائی کے دوران 15 بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر بلوچستان پولیس کی جرات اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سپانسرڈ دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر بلوچستان پولیس خراجِ تحسین کی مستحق ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم اور سکیورٹی فورسز دشمن کے ہر ناپاک منصوبے اور امن دشمن سازش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button