وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سعودی عرب پہنچ گئے، اہم ملاقاتیں آج ہوں گی


ریاض (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اہم سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں وہ سعودی قیادت اور اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں اس دورے کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔
دورے کے دوران محسن نقوی اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود سے اہم ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ سکیورٹی تعاون، داخلی سلامتی اور دوطرفہ سکیورٹی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات، خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر علاقائی و بین الاقوامی امور بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلیٰ سطح کے یہ رابطے دونوں برادر ممالک کے مضبوط تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری مشاورت کا اہم حصہ قرار دیے جا رہے ہیں۔