خلیج فارس میں امریکی تسلط کے بعد ایک نیا عالمی نظام ابھر رہا ہے، محسن رضائی

تہران(ویب ڈیسک) ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ محسن رضائی نے کہا ہے کہ خلیج فارس میں امریکی تسلط کے بعد ایک نیا عالمی نظام ابھر رہا ہے۔
اپنے بیان میں محسن رضائی نے کہا کہ وہ دنیا کو خلیج فارس میں امریکی تسلط کے بعد کے عالمی نظام میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ایرانی عہدیدار نے واشنگٹن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
محسن رضائی کا کہنا تھا کہ امریکا کے پاس آبنائے ہرمز کھولنے کی صلاحیت نہ ہونے کے باوجود اس کی ملکیت کا دعویٰ کرنا ایک بڑا تضاد ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ امریکا کے دعوے اور حقیقت کے درمیان خلا واشنگٹن اور آبنائے ہرمز کے درمیان موجود 11 ہزار 500 کلومیٹر سے زائد فاصلے سے بھی زیادہ ہے۔
ایرانی عہدیدار کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران آبنائے ہرمز کے معاملے پر امریکی مؤقف کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خطے میں اپنے کردار کو مزید نمایاں کرنے کا عندیہ دے رہا ہے۔



