میناب کے شہدا ہماری ذمہ داریوں کے گواہ ہیں، قوم کے سامنے سرخرو رہنے کی کوشش کریں گے، محمد باقر قالیباف

برگن سٹاک(مانیٹرنگ ڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور اعلیٰ مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ میناب کے مظلوم بچوں اور شہدا کو اپنے طرزِ عمل اور قومی ذمہ داریوں کا گواہ سمجھتے ہیں اور ہر قدم پر ان کی قربانیوں کو مدنظر رکھیں گے۔
سوئٹزرلینڈ پہنچنے کے بعد سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں محمد باقر قالیباف نے میناب کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اہم سفارتی مذاکرات میں شرکت کیلئے اپنی قومی ذمہ داریوں کو پوری سنجیدگی اور عزم کے ساتھ نبھانے آئے ہیں۔
انہوں نے اپنے پیغام کے ساتھ ایرانی وفد کو لے جانے والے طیارے کے قریب بنائی گئی تصویر بھی شیئر کی اور کہا کہ میناب کے معصوم بچے اور ایران کے تمام شہدا ہماری حرکات و سکنات کو دیکھ رہے ہیں اور ہم سے بڑی توقعات وابستہ کیے ہوئے ہیں۔
قالیباف نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ شہدا کے مشن اور ایرانی عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور کسی بھی مرحلے پر قوم کے سامنے شرمندگی کا باعث نہیں بنیں گے۔
ایرانی پارلیمان کے سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سوئٹزرلینڈ میں اہم سفارتی مذاکرات متوقع ہیں، جنہیں ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان تعلقات اور خطے کی بدلتی سیاسی صورتحال کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔



