محمدنوازکااینٹی ڈوپنگ کوڈکی خلاف ورزی کااعتراف،ری ہیب پروگرام پررضامند،عارضی معطلی ختم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)قومی کرکٹر محمد نواز نے آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے ری ہیب پروگرام پر رضا مندی ظاہر کردی جس کے بعد کرکٹ کونسل نے ان کی عارضی معطلی ختم کردی۔

آئی سی سی کے مطابق32سالہ آل راؤنڈر محمد نواز کاڈوپ ٹیسٹ7فروری2026کو سری لنکا کے شہر کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف آئی سی سی مینز ٹی20ورلڈکپ کے میچ کے بعد لیا گیا تھا جس میں ان کے نمونے میں ممنوعہ چیز کی موجودگی پائی گئی۔

آئی سی سی اینٹی ڈوپنگ کوڈ کے مطابق7فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف میچ اور اس کے بعد یکم مئی2026تک محمد نواز کی تمام میچ کارکردگی اور ریکارڈز بھی ڈس کوالیفائیڈ قرار دے دیے گئے ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق محمد نواز نے اعتراف کیا کہ یہ ممنوعہ چیز کھیل سے باہر استعمال کی گئی اور اس کا کھیل میں کارکردگی بہتر بنانے سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

آئی سی سی نے انہیں 3 ماہ کے لیے نااہل قرار دیا ہے تاہم یہ سزا یکم مئی2026سے مؤثر سمجھی جائے گی جب انہوں نے رضاکارانہ طور پر عارضی معطلی اختیار کی تھی۔

آئی سی سی کے مطابق اگر محمد نواز ممنوعہ چیز کے استعمال سے متعلق ری ہیب پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیتے ہیں تو ان کی نااہلی کی مدت 3 ماہ سے کم ہو کر ایک ماہ تصور کی جائے گی۔آئی سی سی کا کہنا ہے کہ محمد نواز نے بحالی پروگرام میں شرکت پر بھی رضامندی ظاہر کی ہے جس کے بعد ڈھائی ماہ کی معطلی مکمل ہونے پر ان کی عارضی معطلی ختم کردی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button