مٹھی کے قریب تیز رفتار اے سی کوچ اونٹ سے ٹکرا کر الٹ گئی،10مسافر شدید زخمی

تھرپارکر (رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)مٹھی ٹو نئوکوٹ روڈ پر گاؤں سانیاسر کے قریب ایک اے سی کوچ سڑک عبور کرنے والے اونٹ سے ٹکرا کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ تیز رفتاری کے باعث کوچ الٹ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 10 سے زائد مسافر شدید زخمی ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی 1122 ایمرجنسی سروس کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور زخمیوں کو ریسکیو کرکے سول اسپتال مٹھی منتقل کیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔زخمیوں میں 24 سالہ نریندر ولد رتن ٹھکر رہائشی مٹھی سٹی، 26 سالہ کملیش ولد ہیرو نائی رہائشی مٹھی سٹی اور 80 سالہ آچار ولد مطلب مہران پوٹو رہائشی ستون میل تعلقہ کلوئی سمیت دیگر شامل ہیں۔حادثے کا شکار کوچ کا نمبر JC-0047 بتایا جا رہا ہے، جبکہ گاڑی کا مالک ملک مطیب اعوان بتایا جاتا ہے۔



