میر رضا کیس میں اہم پیش رفت، جائے وقوعہ سے ملنے والا خول سکیورٹی گارڈ کے پستول سے میچ نہ ہوسکا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) گلستان جوہر سے پی ای سی ایچ ایس بلاک 2 کے رہائشی نوجوان تاجر میر رضا علی کی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے 30 بور کے خول کی فارنزک رپورٹ جاری کردی گئی۔

فارنزک ڈویژن سندھ کی رپورٹ کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والا خول پستول نمبر LA1197 سے میچ نہیں ہوا۔ مذکورہ پستول سندھ آرمز ایکٹ کے تحت فارنزک ڈویژن میں جمع کرائے گئے دو ٹیسٹ خولوں کے ساتھ موازنہ کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق کرائم سین سے ملنے والے خول اور ٹیسٹ خول کے اسٹرائیکر پن اور بریچ فیس کے نشانات مختلف پائے گئے۔

دوسری جانب سندھ پولیس کے ترجمان نے فارنزک رپورٹ سے متعلق میڈیا میں نشر ہونے والی بعض اطلاعات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جائے وقوعہ سے برآمد ہونے والا خول 7 اگست کو میمو کے ذریعے فارنزک سائنس لیبارٹری کو موصول ہوا تھا، جبکہ فارنزک رپورٹ 10 اگست کو جاری کردی گئی تھی۔

ترجمان کے مطابق فارنزک رپورٹ شروع سے ہی کیس فائل کا باقاعدہ حصہ ہے اور ابتدائی ضمنی چالان سمیت سندھ ہائی کورٹ کمیشن میں جمع کرائی گئی دستاویزات میں بھی شامل ہے۔

فارنزک لیبارٹری نے متعلقہ اسلحہ ڈیلر کی غفلت کی نشاندہی کرتے ہوئے اس کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش بھی کی ہے۔

سندھ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے ملنے والا خول تاخیر سے جمع کرانے یا اسے واردات میں استعمال ہونے والے پستول کا خول نہ ہونے کا تاثر حقائق کے منافی ہے۔ پولیس کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والا خول تفتیشی افسر نے خود فارنزک لیبارٹری میں جمع کرایا تھا، تاہم واردات میں استعمال ہونے والے پستول کی برآمدگی کے بعد خول کی تصدیق کا عمل دوبارہ کیا جائے گا۔

ترجمان نے میڈیا سے اپیل کی ہے کہ کیس کی حساسیت کے پیش نظر کسی بھی خبر کی اشاعت سے قبل متعلقہ اداروں سے حقائق کی تصدیق کی جائے تاکہ غیرمصدقہ یا گمراہ کن اطلاعات سے گریز کیا جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button