میامی ایئرپورٹ پر قیامت خیز حادثہ، ایمیزون کا کارگو طیارہ گاڑیوں پر چڑھ گیا، 5 افراد ہلاک

میامی (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی ریاست فلوریڈا کے میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایمیزون پرائم ایئر کا کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے بے قابو ہوکر باہر نکل گیا اور پارکنگ ایریا میں موجود متعدد گاڑیوں کو روندتا ہوا خوفناک حادثے کا شکار ہوگیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بوئنگ 767-300 طیارہ لینڈنگ کے بعد رن وے پر قابو برقرار نہ رکھ سکا اور پھسلتا ہوا پارکنگ ایریا میں جا گھسا، جہاں متعدد گاڑیاں اس کی زد میں آگئیں۔ بعض گاڑیوں میں اس وقت مسافر بھی موجود تھے۔

حادثے کے فوراً بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، جس نے قریبی گاڑیوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے ایئرپورٹ پر سیاہ دھوئیں کے بادل چھا گئے جبکہ مسافروں اور عملے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے اور متاثرہ افراد کو نکالنے کے لیے 60 سے زائد فائر اینڈ ریسکیو یونٹس موقع پر پہنچے۔ امدادی ٹیموں نے کئی افراد کو گاڑیوں سے نکالا، تاہم حادثے کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 5 شدید زخمی ہوئے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی پرواز ایمیزون پرائم ایئر فلائٹ 7598 تھی، جو پورٹو ریکو کے شہر سان خوان سے میامی پہنچی تھی۔

فائر ریسکیو چیف کے مطابق حادثے کے بعد بعض افراد اپنی گاڑیوں کے اندر پھنس گئے تھے، جبکہ طیارے کے پائلٹ اور معاون پائلٹ بھی طیارے کے اندر پھنسے ہوئے تھے، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

حکام نے فوری طور پر طیارے میں سوار عملے کی حتمی تعداد کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں۔ حادثے کی اصل وجہ بھی فوری طور پر سامنے نہیں آسکی، جس کے لیے متعلقہ ایوی ایشن حکام نے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے کئی گھنٹے بعد بھی طیارے سے ایندھن کے اخراج کا مسئلہ برقرار رہا، جس کے باعث امدادی کارروائیوں کے دوران اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئیں۔

میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آنے والے اس خوفناک حادثے نے ایئرپورٹ کے معمول کے آپریشن کو بھی متاثر کیا، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کے بعد حادثے کی وجوہات اور دیگر تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button