ماتلی،اہم بائی پاس پل 24ماہ گزرنے کے باوجود خراب،شہریوں کی مشکلات میں اضافہ

ماتلی(رپورٹ:ایم آر گدی/جانوڈاٹ پی کے)ماتلی میں چینل نہر پر قائم اہم بائی پاس پل، جو ماتلی کو ڈگری، نوکوٹ، ٹنڈو غلام علی، میرپورخاص اور تھرپارکر سمیت مختلف علاقوں سے ملانے والا اہم متبادل راستہ تھا، گزشتہ تقریباً 24 ماہ سے ٹوٹ پھوٹ کے باعث بند پڑا ہے، جس کے باعث ہیوی ٹریفک کا دباؤ شہر کے اندر منتقل ہونے سے شہری مشکلات اور سڑکوں کی تباہی میں اضافہ ہوا۔ عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی ماتلی عبدالروف نظامانی اور ان کی برادری کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت پل کی تعمیر کا اعلان کیا گیا، جس کے بعد آج تعمیراتی کام شروع کیا گیا، تاہم اطلاع ملنے پر ماتلی پولیس کے ایس ایچ او بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور متعلقہ اداروں سے اجازت نامہ نہ ہونے کا مؤقف اختیار کرتے ہوئے تعمیراتی کام رکوا دیا، جبکہ موقع پر موجود تعمیراتی سامان اور اوزار بھی اپنی تحویل میں لے لیے گئے۔ واقعے کے بعد شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے جبکہ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ طویل عرصے سے بند اس اہم پل کی فوری تعمیر کو یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button