شعبہ خواتین مسلم ویمن لیگ ماتلی کے زیرِ اہتمام یومِ تشکر ریلی

ماتلی(رپورٹ:ایم۔آر۔گدی/جانو ڈاٹ کام پی کے) پاکستان مرکزی مسلم لیگ ماتلی کی شعبہ خواتین مسلم ویمن لیگ ماتلی کے زیرِ اہتمام یومِ تشکر کے سلسلے میں پاک افواج اور دفاعی اداروں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان خواتین ریلی نکالی گئی، ریلی کی قیادت مسلم ویمن لیگ ماتلی کی جنرل سیکریٹری نغمہ بانو نے کی جبکہ خواتین، بچیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شرکاء نے بھرپور شرکت کی، شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے اپنی بہادر افواج سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، اس موقع پر نغمہ بانو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی خواتین اپنی مسلح افواج اور دفاعی اداروں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہیں، انہوں نے کہا کہ 10 مئی پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک قابلِ فخر دن ہے جب پاک افواج نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا کر اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور دفاعی برتری کا عملی مظاہرہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین اور بچیاں وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی افواج کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہیں اور ہر مشکل گھڑی میں ان کے شانہ بشانہ رہیں گی، ریلی سے دیگر خواتین رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ویمن لیگ ماتلی کی یہ کاوش خواتین کے قومی شعور، حب الوطنی اور مادرِ وطن سے والہانہ محبت کی روشن مثال ہے، انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی خواتین ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے ہر سطح پر اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی، ریلی کے اختتام پر ملکی سلامتی، پاک افواج کی کامیابیوں اور وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی خواتین ہر آزمائش میں اپنی افواج اور دفاعی اداروں کے ساتھ ثابت قدم رہیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button