ایران سعودی عرب کے ساتھ حالتِ جنگ میں نہیں، عوام دباؤ کے سامنے نہیں جھکیں گے، پزشکیان

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے واضح کیا ہے کہ ایران سعودی عرب کے ساتھ حالتِ جنگ میں نہیں اور خطے کے ممالک کے درمیان تنازعات کا حل جنگ کے بجائے بات چیت اور تعاون سے ہونا چاہیے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مسعود پزشکیان نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سوال کیا کہ اگر امریکا میں ہمت ہے تو ایرانی فوج کا سامنا کرے، شہری بنیادی ڈھانچے، خوراک اور لوگوں کے روزگار کو کیوں نشانہ بنایا جا رہا ہے؟
ایرانی صدر نے کہا کہ حوثیوں کے اپنے مسائل ہیں، خطے کے تمام ممالک کو ایک میز پر بیٹھ کر امن اور سلامتی کے قیام کے لیے کوشش کرنی چاہیے۔ ہمارے درمیان جنگ یا تنازع کی کوئی منطق یا وجہ نہیں، کشیدگی کے بجائے بات چیت اور تعاون کو فروغ دینا ضروری ہے۔
مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایرانی عوام کبھی ہتھیار نہیں ڈالیں گے اور دباؤ کے ذریعے ایران کو تسلیم کرنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے امریکا پر بنیادی ضروریات تک رسائی محدود کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکی انسانیت پر یقین رکھتے ہیں تو لوگوں کو پانی، خوراک اور ادویات تک رسائی سے کیوں محروم کیا جا رہا ہے۔
ایرانی صدر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دباؤ اور دھمکیوں کے ذریعے ایران کو جھکنے پر مجبور نہیں کیا جاسکتا اور ایرانی قوم کبھی ہتھیار نہیں ڈالے گی۔



