آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر مریم نواز برہم، 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور، سستی گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے آٹے کی قیمتوں میں اضافے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامی ویڈیو لنک اجلاس طلب کر لیا اور عوام کو ہر صورت سستا آٹا اور گندم فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

اجلاس میں فلور ملوں کو 3 ہزار 800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جانے والی سبسڈائزڈ سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کے بعد وزیراعلیٰ نے اس کی منظوری بھی دے دی۔

اجلاس کے دوران مارکیٹ میں آٹے اور گندم کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کے رجحان پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ انتہائی تکلیف دہ ہے، حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور سستا آٹا دستیاب بنانے کے لیے تمام وسائل استعمال کرے گی۔

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ عوام کو سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

حکومت پنجاب کے اس اقدام کا مقصد سرکاری گندم کی فراہمی بڑھا کر آٹے کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button