وزیر اعلیٰ پنجاب کی امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کو سرمایہ کاری کی دعوت، زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ پالیسی کا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے امریکی اعلیٰ سطحی کاروباری وفد کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں کے لیے "زیرو ٹائم ٹو اسٹارٹ” پالیسی پر عمل پیرا ہے، جس کے تحت کاروبار کے آغاز میں بیوروکریٹک رکاوٹوں کو کم سے کم رکھا جائے گا تاکہ سرمایہ کار فوری طور پر اپنے منصوبوں پر کام شروع کر سکیں۔

لاہور میں امریکی کاروباری وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ امریکا پاکستان کا ایک اہم اقتصادی شراکت دار ہے اور پنجاب میں امریکی سرمایہ کاروں کی دلچسپی دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد کی عکاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک۔امریکا اقتصادی تعلقات کو سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت (AI)، صحت، توانائی، معدنیات اور نجی شعبے کے اشتراک کے ذریعے مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ پنجاب ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور قومی مجموعی پیداوار (GDP) میں 55.7 فیصد، زراعت میں 57.5 فیصد، مینوفیکچرنگ میں 48 فیصد اور سروسز سیکٹر میں 57.4 فیصد حصہ ڈالتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب کی 13 کروڑ آبادی، نوجوان افرادی قوت، 20 اسپیشل اکنامک زونز، 2 ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اور جدید آئی ٹی ایکو سسٹم سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی قائم کی گئی ہے۔ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن، 10 سالہ انکم ٹیکس چھوٹ، رعایتی صنعتی زمین، سبسڈائزڈ لیز ریٹس اور دیگر مراعات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ 15 سے زائد ریگولیٹری اداروں کو ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لانے کا منصوبہ بھی زیر عمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ، نواز شریف میڈیکل سٹی، ایگرو پروسیسنگ پارکس، الیکٹرک موبلٹی، ویسٹ مینجمنٹ، ہاؤسنگ، سیاحت، آئی ٹی اور معدنیات سمیت متعدد بڑے منصوبے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب ہیں۔

مریم نواز نے بتایا کہ آئندہ تین برسوں میں 7.1 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متحرک کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جس میں 3.9 ارب ڈالر سرکاری جبکہ 3.2 ارب ڈالر نجی شعبے کی سرمایہ کاری شامل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ چنیوٹ کے خام لوہے اور تانبے کے ذخائر، پنک سالٹ، پلیسر گولڈ اور دیگر معدنی وسائل عالمی سرمایہ کاروں کے لیے غیر معمولی مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ نواز شریف آئی ٹی سٹی، پنجاب اسٹارٹ اپ فنڈ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے منصوبے مستقبل کی معیشت کی بنیاد ثابت ہوں گے۔

اپنے خطاب کے اختتام پر وزیراعلیٰ پنجاب نے امریکی کمپنیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "پنجاب میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کل نہیں، آج کریں، حکومت ہر منصوبے پر تیز رفتار عمل درآمد اور ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔”

مزید خبریں

Back to top button