ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا، مریم نواز کا عالمی یومِ ہیپاٹائٹس پر پیغام

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی یومِ ہیپاٹائٹس کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے لیے حکومت، طبی ماہرین اور عوام کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم سب ہیپاٹائٹس کے خاتمے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں، جبکہ شہریوں کو ہیپاٹائٹس کی مفت سکریننگ، تشخیص اور علاج کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ موبائل ہسپتالوں کے ذریعے سکریننگ پروگرام عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کر رہا ہے، جبکہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کا مفت تشخیص اور علاج کسی بھی مالی بوجھ کے بغیر یقینی بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ غیر معیاری سرنجوں کی تیاری اور دوبارہ استعمال پر سخت پابندی عائد کی جا چکی ہے تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈیپ کلیننگ اور حفظانِ صحت کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ مریضوں کو محفوظ طبی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بروقت ہیپاٹائٹس کی سکریننگ کروائیں، جبکہ ڈاکٹروں، نرسوں، طبی عملے، حکومت اور شہریوں کی مشترکہ کوششوں سے ہیپاٹائٹس کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا، "آئیے سب مل کر صحت مند پاکستان کی تعمیر کا عہد کریں۔”



