ورلڈ یوتھ سکلز ڈے: مریم نواز کا بڑا اعلان، نوجوانوں کو ٹیکنالوجی، ہنر اور بلاسود قرضوں سے بااختیار بنانے کا عزم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ورلڈ یوتھ سکلز ڈے کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ نوجوان ہی ملکی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہوتے ہیں، اسی لیے پنجاب حکومت انہیں جدید ٹیکنالوجی، آئی ٹی، فری لانسنگ اور تکنیکی مہارتوں سے لیس کرنے کے لیے جامع اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے ہیں۔ ان کے مطابق آسان کاروبار اور آسان فنانس سکیم کے تحت ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد کو قرضے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ آسان کاروبار سکیم کے تحت 10 لاکھ سے 3 کروڑ روپے تک کے بلاسود قرضے دیے جا رہے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام کے تحت 2 ہزار نوجوانوں کو ماہانہ 60 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے، جبکہ ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس میں عالمی معیار کے مطابق ٹیکنالوجی، کنسٹرکشن، میسن، ویلڈنگ، ٹائل فکسنگ اور ہیوی وہیکل مینٹیننس سمیت جدید کورسز کرائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب بھر کے 10 ہزار نوجوانوں کو بین الاقوامی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں روزگار فراہم کیا جا چکا ہے۔

وزیراعلیٰ کے مطابق پنجاب میں پہلی بار نصاب میں ای کامرس، ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور جدید آئی ٹی کورسز شامل کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں "سحر پروگرام” کے تحت 5,365 خواتین کو بیوٹیفکیشن، ہاسپیٹلٹی اور ایئرلائن مینجمنٹ کی تربیت دی جا رہی ہے، جبکہ انہیں مفت لیپ ٹاپ اور ماہانہ 7,500 روپے وظیفہ بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button