لاہور اور نوکُس کو سسٹر سٹیز بنانے کی تجویز، پنجاب اور قراقلپاقستان کے درمیان تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ازبکستان کے خود مختار خطے قراقلپاقستان کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں کونسل آف منسٹرز کے چیئرمین فرخد ارمانوف اور پاکستان میں ازبکستان کے سفیر علیشیر توختایوف شامل تھے، جن کا وزیراعلیٰ پنجاب نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں پنجاب اور قراقلپاقستان کے درمیان خصوصی اقتصادی زونز میں تعاون بڑھانے، زراعت، لائیو اسٹاک، ٹیکسٹائل اور صنعتی شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ لاہور اور نوکُس (Nukus) کو سسٹر سٹیز قرار دینے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

اس موقع پر قراقلپاقستان میں آلو کی کاشت کے لیے 100 سے 200 ہیکٹر زمین فراہم کرنے کے امکان کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پنجاب سے ازبکستان کو سالانہ 30 ہزار مویشی برآمد کرنے کے امکانات پر بھی بات چیت ہوئی۔

وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ازبکستان اور قراقلپاقستان کے دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی راہداری، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون کو مزید وسعت دینے کے روشن امکانات موجود ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button