سیاحت کی بحالی کے منصوبوں پر 28 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، مریم اورنگزیب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں سیاحت اور تاریخی ورثے کی بحالی کے منصوبوں پر 28 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان، بالخصوص پنجاب، سیاحت کے شعبے میں خودکفیل ہونے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ ایکو ٹورزم اور وائلڈ لائف ٹورزم کے فروغ کے لیے بھی خصوصی اقدامات جاری ہیں، مجموعی طور پر اس شعبے میں 78 ارب روپے کے وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میگنیفیسنٹ پنجاب ایپ کے ذریعے صوبے بھر کے سیاحتی مقامات کے بارے میں جامع معلومات فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے سیاحوں کو سہولت حاصل ہوگی، سیاحت اب محض ایک سافٹ سیکٹر نہیں رہی بلکہ آنے والے برسوں میں ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرے گی۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پہلی بار سیاحتی مقامات کی بحالی کا منظم منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ 8 ماہ میں لاہور خطے میں سیاحتی سرگرمیوں کا نمایاں مرکز بن کر ابھرا ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ جلد مزید سیاحتی مقامات عوام کے لیے کھولے جائیں گے، جبکہ طلبہ کو بھی چھانگہ مانگہ سمیت مختلف جنگلات اور تفریحی مقامات کے دورے کرائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ہوٹلنگ اور ٹورازم سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ پہلی بار پنجاب ٹورازم اتھارٹی بھی قائم کی گئی ہے تاکہ سیاحت کے شعبے کو منظم انداز میں ترقی دی جا سکے۔


