فیصلے میرٹ پرہونےچاہئیں،ذات پات کی بنیاد پر مداخلت کے قائل نہیں:ارباب انور

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے)جی ڈی اے کے رہنما اور ارباب گروپ کی نوجوان قیادت ارباب انور عبدالجبار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلوئی کی سپورٹ کمیٹی میں بعض برادریوں کو نظر انداز کیا گیا ہے، جس کی ہم مخالفت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فیصلہ میرٹ اور غیر جانبداری کی بنیاد پر ہونا چاہیے، کیونکہ متنازع کمیٹی عوامی مفادات کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائی میں غریب افراد کے نام شامل کرنے کے بجائے اصل ذمہ دار عناصر کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر ایسے افراد موجود ہیں جو منشیات کے اڈے چلا رہے ہیں، لیکن ان کے خلاف کوئی مؤثر کارروائی نہیں کی جا رہی۔ ارباب انور نے کہا کہ تعلقہ کلوئی میں منشیات کا کاروبار بدستور جاری ہے اور ضلعی انتظامیہ خود سوالیہ نشان بن چکی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے تعینات ہونے والے ایس ایس پی حقیقی معنوں میں منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر آپریشن کریں گے۔ پانی کی قلت کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دیپلو، مٹھی اور ننگرپارکر کے عوام پانی کی شدید قلت کے باعث مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ منتخب نمائندے اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ٹینکر مافیا نے تھر کے غریب عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھرپارکر میں ہر طرف ناانصافی اور مشکلات کا راج ہے، جبکہ غریب افراد کو ایندھن کے لیے لکڑیاں تک میسر نہیں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button