ایران آپریشن میں اٹلی اور رومانیہ کے کردار کا انکشاف؟ نیٹو سربراہ کا اہم بیان سامنے آ گیا

اٹلی (ویب ڈیسک) نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹے نے انکشاف کیا ہے کہ اٹلی نے اپنے علاقے میں موجود امریکی فوجی اڈوں سے تقریباً 500 امریکی طیاروں کو پرواز کی اجازت دی، جس کا مقصد ایران کے خلاف مبینہ "آپریشن ایپک فیوری” کی حمایت کرنا تھا۔

غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں مارک روٹے نے کہا کہ اٹلی کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولتوں نے امریکی فضائی کارروائیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق نیٹو کے بعض رکن ممالک نے لاجسٹک اور آپریشنل معاونت فراہم کی تاکہ متعلقہ مشن کو مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے۔

مارک روٹے نے مزید بتایا کہ رومانیہ کے دارالحکومت بخارسٹ میں فضائی ٹریفک میں نمایاں کمی دیکھی گئی کیونکہ وہاں موجود ہوائی اڈوں کو ایندھن بھرنے والے طیاروں اور معاون فضائی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا گیا۔

نیٹو سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات عالمی سطح پر محسوس کیے جا رہے ہیں اور مختلف ممالک ایک دوسرے پر خطے میں عدم استحکام بڑھانے کے الزامات عائد کر رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مارک روٹے کے بیان سے ایران کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں بعض یورپی ممالک کے کردار سے متعلق نئی بحث جنم لے سکتی ہے، جبکہ تہران پہلے ہی ایسے اقدامات پر سخت ردعمل ظاہر کر چکا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button