آبنائے ہرمز عالمی گزر گاہ، کوئی ٹول ٹیکس وصول نہیں کر سکتا، امریکا کا واضح پیغام

ابوظہبی(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک)امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے واضح کیا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور کسی بھی ملک کو وہاں سے گزرنے والے جہازوں پر ٹول یا فیس عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ابوظہبی میں گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا کہ بین الاقوامی قانون کے تحت آبنائے ہرمز پر کسی ایک ملک کا مالی کنٹرول قابل قبول نہیں، جبکہ اس معاملے پر خطے کے ممالک میں وسیع اتفاق رائے موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ایران کے حمایت یافتہ گروہ عراق سے میزائل اور ڈرون حملے جاری رکھیں گے، خطے میں کشیدگی کے مکمل خاتمے کا امکان کم رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ آئندہ مذاکرات میں بھی زیر بحث آئے گا۔

مارکو روبیو نے مزید کہا کہ اگر ایران انقلابی طرزِ سیاست کے بجائے ایک معمول کی ریاست کے طور پر آگے بڑھنے کا فیصلہ کرے تو اس کے لیے ترقی اور عالمی تعاون کے وسیع مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے اپنے خلیجی دورے کا آغاز متحدہ عرب امارات سے کیا ہے، جس کے بعد وہ کویت اور بحرین کا بھی دورہ کریں گے۔

مزید خبریں

Back to top button