امریکا میں ہندو مندر پر اجتماعی فائرنگ کی مبینہ منصوبہ بندی،بھارت کااظہارِ تشویش،تحقیقات کا مطالبہ کردیا

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے)امریکی ریاست الینوائے کے شہر اورورا میں ایک ہندو مندر کو مبینہ طور پر اجتماعی فائرنگ کا نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی سامنے آنے کے بعد بھارت نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امریکی حکام سے مکمل تحقیقات اور بھارتی و ہندو برادری کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی وزارتِ خارجہ نے امریکی حکام پر زور دیا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں، ملوث شخص کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور امریکا میں مقیم بھارتی شہریوں اور ہندو برادری کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

امریکی حکام کے مطابق اس معاملے میں 19 سالہ الیگزینڈروس پاپوراکس کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے گھر سے ایک رائفل، گولیوں سے بھری میگزینز، سیکڑوں گولیاں، باڈی آرمر اور سفید فام انتہاپسند نظریات سے متعلق مواد برآمد ہوا ہے۔

تفتیش کاروں کو ایک تحریری دستاویز بھی ملی، جس میں جنوبی ایشیائی باشندوں، خصوصاً بھارتی نژاد افراد کے خلاف تشدد کے خیالات کا ذکر تھا۔

حکام کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ وہ اورورا میں واقع سری وینکٹیشورا سوامی بالاجی ہندو مندر میں بڑے پیمانے پر فائرنگ کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ ملزم کی گاڑی مبینہ منصوبہ بندی سے متعلق دن مندر کی پارکنگ میں دیکھی گئی تھی۔

تاہم امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مبینہ حملے کے لیے مخصوص مقام اور منصوبے سے متعلق دیگر تفصیلات کی تحقیقات تاحال جاری ہیں۔ ملزم کے خلاف عائد الزامات کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button