چھوٹے صوبوں کا استحقاق ن لیگ کی قیادت کے پاس ہے، ملک احمد خان

گجرات (جانوڈاٹ پی کے) اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ چھوٹے صوبوں کا استحقاق پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت کے پاس ہے، جبکہ 9 مئی کے واقعات کو سیاست نہیں بلکہ جرم سمجھتا ہوں۔

چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نجی دورے کے دوران جہاز کے استعمال کے اخراجات اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کے حوالے سے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے ساتھ مذاکرات کسی عوامی مسئلے پر ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ جائز ہے، اس معاملے پر بات ہونی چاہیے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات سیاست نہیں بلکہ جرم ہیں۔ جرائم کو سیاست کا لبادہ پہنا کر مذاکرات کرنا یا جرم کو سیاست تصور کرنا مناسب نہیں۔

ملک احمد خان کا کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہاؤس کو جلانا، 29 چھاؤنیوں پر حملہ کرنا اور سرکاری عمارتوں کو نذر آتش کرنا سیاست نہیں، جرم ہے۔ ان کے مطابق پاکستانی پرچم کو جلانے کے جرم کو معاف نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز ایک بڑے صوبے کی وزیراعلیٰ ہیں جہاں تقریباً 120 ملین افراد آباد ہیں، اس لیے کئی گھنٹوں کے سفر کے لیے جہاز کی ضرورت ہوسکتی ہے۔

ملک احمد خان نے مزید کہا کہ جہاز کے استعمال کے طریقہ کار پر بحث کی جاسکتی ہے، تاہم سرکاری جہاز کا استعمال رولز اینڈ ریگولیشن کے مطابق ہوتا ہے اور اس معاملے میں متعلقہ قواعد و ضوابط کو چیک کرنا ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button