پسینہ،آئل اور پگھلتا میک اپ؟حبس کے موسم میں فریش لک کے آسان ہیکس

ایمل سفیان

گرمی کا موسم ہو اور فضا میں حبس شامل ہو تو صرف چند منٹ باہر گزارنے کے بعد ہی چہرے پر پسینہ آنے لگتا ہے۔ ایسے موسم میں تیار ہونا اور میک اپ کو کئی گھنٹوں تک تازہ رکھنا کسی چیلنج سے کم نہیں۔ فاؤنڈیشن کا بیس خراب ہونا، چہرے پر اضافی آئل آنا، مسکارا پھیل جانا اور لپ اسٹک کا رنگ اتر جانا عام مسائل ہیں۔ لیکن اگر میک اپ کرنے کا طریقہ موسم کے مطابق تبدیل کر لیا جائے تو حبس میں بھی چہرہ فریش، میٹ اور خوبصورت نظر آ سکتا ہے۔

میک اپ سے پہلے جلد کی تیاری ضروری

حبس میں میک اپ خراب ہونے کی ایک بڑی وجہ جلد کی مناسب تیاری نہ کرنا ہے۔ میک اپ سے پہلے چہرے کو کسی ہلکے فیس واش سے صاف کریں تاکہ پسینہ، گرد و غبار اور اضافی آئل دور ہو جائے۔ اس کے بعد جلد کی ضرورت کے مطابق ہلکا، واٹر بیسڈ یا جیل موئسچرائزر استعمال کریں۔

موئسچرائزر کی بہت زیادہ مقدار لگانے سے گریز کریں کیونکہ حبس میں جلد پہلے ہی پسینہ اور آئل پیدا کر رہی ہوتی ہے۔ دن کے وقت باہر جانا ہو تو سن اسکرین ضرور لگائیں اور اسے جلد میں جذب ہونے کے لیے کچھ وقت دیں۔

پرائمر بنے گا میک اپ کا محافظ

حبس کے موسم میں اچھا پرائمر میک اپ کو زیادہ دیر تک قائم رکھنے میں مدد دے سکتا ہے۔ خاص طور پر اگر جلد آئلی ہے تو آئل کنٹرول یا میٹفائنگ پرائمر ان حصوں پر لگائیں جہاں جلد زیادہ چکنی ہوتی ہے، مثلاً ناک، پیشانی اور ٹھوڑی۔

پورے چہرے پر پرائمر کی موٹی تہہ لگانے کے بجائے تھوڑی مقدار استعمال کریں۔ زیادہ پروڈکٹ لگانے سے میک اپ بھاری محسوس ہو سکتا ہے اور گرمی میں جلد مزید چکنی دکھائی دے سکتی ہے۔

بھاری فاؤنڈیشن کو کہیں بائے بائے

حبس میں سب سے عام غلطی بہت زیادہ فاؤنڈیشن استعمال کرنا ہے۔ بھاری بیس پسینے کے ساتھ جلدی خراب ہو سکتی ہے اور چہرے پر تہہ جیسا محسوس ہونے لگتا ہے۔

اس کے بجائے ہلکی فاؤنڈیشن، ٹِنٹڈ موئسچرائزر یا بی بی کریم استعمال کی جا سکتی ہے۔ جہاں زیادہ کوریج کی ضرورت ہو وہاں صرف انہی حصوں پر کنسیلر لگائیں۔ اس طرح چہرہ قدرتی بھی لگے گا اور میک اپ بھی بھاری محسوس نہیں ہوگا۔

پاؤڈر لگائیں، لیکن احتیاط سے

حبس میں ٹرانسلوسنٹ یا لوز پاؤڈر میک اپ کو سیٹ کرنے میں مدد دیتا ہے۔ خاص طور پر ناک، پیشانی اور ٹھوڑی جیسے حصوں پر ہلکا سا پاؤڈر لگائیں۔

تاہم پورے چہرے پر بہت زیادہ پاؤڈر لگانے سے جلد خشک اور میک اپ کی تہہ نمایاں ہو سکتی ہے۔ بہتر ہے کہ پاؤڈر کو صرف ان حصوں تک محدود رکھا جائے جہاں آئل زیادہ آتا ہے۔

آنکھوں کا میک اپ بھی ہو واٹر پروف

پسینہ صرف فاؤنڈیشن ہی نہیں بلکہ آنکھوں کے میک اپ کو بھی خراب کر سکتا ہے۔ مسکارا پھیل کر آنکھوں کے نیچے سیاہ حلقوں جیسا تاثر دے سکتا ہے جبکہ آئی لائنر بھی بہنے لگتا ہے۔

اس لیے حبس میں واٹر پروف مسکارا اور لانگ لاسٹنگ آئی لائنر استعمال کرنا بہتر ہے۔ اگر آئی شیڈو لگانا ہو تو بہت زیادہ کریمی یا آئلی فارمولے کے بجائے لانگ لاسٹنگ فارمولے کا انتخاب کریں۔

لپ اسٹک کے لیے بھی آزمائیں لانگ لاسٹنگ فارمولا

گرمی اور نمی میں لپ اسٹک بار بار اترنے سے بچانے کے لیے پہلے ہونٹوں کو نرم اور ہموار کریں۔ ہلکا سا لپ بام لگانے کے بعد اضافی بام ٹشو سے صاف کریں اور پھر لپ لائنر استعمال کریں۔

اس کے بعد لانگ لاسٹنگ یا میٹ لپ کلر لگایا جا سکتا ہے۔ اگر ہونٹ خشک رہتے ہیں تو انتہائی خشک میٹ لپ اسٹک کے بجائے ہلکے اور آرام دہ فارمولے کا انتخاب بہتر ہے۔

میک اپ فکسر سے دیں آخری ٹچ

میک اپ مکمل ہونے کے بعد اچھا سیٹنگ اسپرے میک اپ کی پائیداری بہتر بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔ اسے چہرے سے مناسب فاصلے پر رکھ کر ہلکی تہہ میں اسپرے کریں اور چہرے کو خود خشک ہونے دیں۔

حبس میں بار بار چہرے کو ہاتھ لگانے سے بھی گریز کریں کیونکہ ہاتھوں کا آئل اور پسینہ میک اپ کو جلد خراب کر سکتا ہے۔

بیگ میں یہ چیزیں ضرور رکھیں

اگر آپ کو کئی گھنٹوں تک باہر رہنا ہے تو بیگ میں ٹشو، آئل بلاٹنگ پیپر، کمپیکٹ پاؤڈر، لپ کلر اور سن اسکرین رکھنا مفید ہے۔ چہرے پر آئل آنے کی صورت میں اسے رگڑنے کے بجائے پہلے ٹشو یا بلاٹنگ پیپر سے اضافی آئل جذب کریں، پھر ضرورت کے مطابق تھوڑا پاؤڈر لگائیں۔

یاد رکھیں، حبس میں خوبصورت میک اپ کا راز زیادہ پروڈکٹس لگانے میں نہیں بلکہ کم، ہلکا اور درست میک اپ کرنے میں ہے۔ موسم جتنا مرطوب ہو، میک اپ اتنا ہی ہلکا رکھا جائے تو چہرہ زیادہ فریش، نیچرل اور خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button