بدین:مسیحی خاتون نے قبول اسلام کے بعد مسلم نوجوان سے پسند کی شادی کرلی،اعلیٰ حکام سے تحفظ فراہم کرنیکی اپیل

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ/پی کے)بدین کی مسیحی خاتون نے اسلام قبول کر کے نوجوان ارسلان سے پسند کی شادی کر لی، تحفظ فراہم کرنے کی اپیل تفصیلات کے مطابق بدین کے وارڈ نمبر 1 ریلوے پاڑہ کی رہائشی مسیحی خاتون فرمیلا (دعا) دختر اکبر مسیح نے اسلام قبول کرنے کے بعد محلے کے رہائشی ارسلان ولد اکرم ملاح سے پسند کی شادی کر لی نوبیاہتا خاتون دعا اپنے شوہر ارسلان ملاح کے ہمراہ بدین پریس کلب پہنچیں، جہاں احتجاج کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی مرضی سے ارسلان سے شادی کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اہلِ خانہ کی ناراضی کے باعث انہوں نے اسلام بھی قبول کر لیا انہوں نے الزام عائد کیا کہ شادی اور اسلام قبول کرنے کے بعد ان کے بھائی دلدار مسیح اور دیگر رشتہ دار اعجاز مسیح، رضا حیدر مسیح، کوڈو مسیح اور شمشاد مسیح انہیں اور ان کے شوہر کو قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ افراد اکثر ان کا راستہ روک کر گالم گلوچ کرتے ہیں، جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہیں اور جھگڑا کرنے کی کوشش کرتے ہیں
خاتون نے بتایا کہ انہیں سیشن کورٹ بدین سے تحفظ کا حکم بھی حاصل ہے اور اس سلسلے میں ایس ایس پی بدین کو درخواست بھی دی جا چکی ہے، تاہم ان کے بقول پولیس نے ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، جس کے باعث وہ مزید سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہے ہیں اور ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد، ایس ایس پی بدین اور سیشن جج بدین سے مطالبہ کیا کہ انہیں اور ان کے شوہر کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔



