لاس اینجلس میں بس حادثے کی لائیو کوریج کرنے والا نیوز ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک

لاس اینجلس (ویب ڈیسک)لاس اینجلس میں میٹرو بس کے حادثے کی لائیو کوریج کرنے والا نیوز ہیلی کاپٹر خود حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار خاتون صحافی اور پائلٹ سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر لاس اینجلس کے علاقے چیٹز ورتھ میں بس حادثے کی فضائی کوریج کر رہا تھا۔ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر سے لائیو ویڈیو فیڈ این بی سی نیوز چینل پر نشر کی جا رہی تھی۔

رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر فضا میں ہی آگ کی لپیٹ میں آگیا اور زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے کے نتیجے میں زمین پر موجود ایک شخص بھی جاں بحق ہوا، جبکہ گرنے کے بعد کم از کم 4 گاڑیوں اور 2 اسٹوریج کنٹینرز میں آگ بھڑک اٹھی۔

حادثے کی فوری وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔ تاہم براہ راست نشر ہونے والی فوٹیج میں ہیلی کاپٹر کی بلندی کم ہونے کے دوران کاک پٹ سے خطرے کے الارم کی آواز سنائی دی گئی۔

اس سے قبل چیٹز ورتھ کے علاقے میں ایک تیز رفتار ایس یو وی لاس اینجلس میٹرو بس سے ٹکرا گئی تھی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک و زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق بس سے ٹکرانے والی گاڑی کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون صحافی حادثے کی لائیو کوریج کر رہی تھیں، جبکہ اس دوران ان کی بنائی گئی فوٹیج بھی براہ راست نشر ہوئی۔ واقعے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ حکام کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button